لندن(این این ایس نیوز) برطانیہ میں ایک لڑکی قبض کی شکایت لے کر ہسپتال گئی لیکن ڈاکٹروں نے ایسا انکشاف کیا کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ دی مرر کے مطابق 28سالہ ڈینیئلی ایڈمز نامی یہ لڑکی حاملہ تھی لیکن وہ اپنے حمل کو قبض سمجھ رہی تھی۔ حیران کن طور پر اس کے حمل کی مدت بھی پوری ہو چکی تھی مگر اسے معلوم نہیں تھا کہ وہ چند گھنٹوں بعد ماں بننے والی ہے۔ وہ دردزہ کو بھی قبض کا شاخسانہ سمجھی اور ہسپتال چلی گئی۔
رپورٹ کے مطابق رائل سٹوک یونیورسٹی ہسپتال میں ڈاکٹروں نے اس کے ٹیسٹ اور سکین کیے تو انکشاف ہوا کہ اسے قبض نہیں ہے بلکہ وہ حاملہ ہے اور اگلے چند گھنٹوں میں کسی بھی وقت وہ ماں بن سکتی ہے۔ چنانچہ سٹافرڈ کی رہائشی اس لڑکی نے اپنے حاملہ ہونے کے بارے میں معلوم ہونے کے 4گھنٹے بعد ایک صحت مند بیٹی کو جنم دے دیا۔ بیٹی کی ماں بننے کے بعد ڈینیئلی کا کہنا تھا کہ ”جب ڈاکٹر نے مجھے حمل کے بارے میں بتایا تو میں سمجھی کہ وہ مذاق کر رہی ہے۔ اسے مجھ کو یقین دلانے میں کافی وقت لگا اور جب مجھے اس کی بات کا یقین آیا تو میں پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔اس خبر سے مجھے شدید جھٹکا لگا تھا لیکن میں ماں بننے پر بہت خوش ہوں۔ مجھے ڈاکٹروںنے بتایا تھا کہ میں ماں نہیں بن سکتی۔ شاید اس لیے بھی مجھے ڈاکٹر کی بات کا یقین نہیں آیا تھا اور اس پر مجھے جھٹکا بھی لگا کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔“
Add comment